ڈالر کی قدر میں مزید 1.28روپے کی کمی

536

کراچی: آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 90کروڑ ڈالر کی دو اقساط جاری ہونے کے امکانات سے ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی۔

ڈالر کے انٹربینک ریٹ اور اوپن ریٹ بھی 206روپے سے نیچے آگئے۔ کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی ۔اس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 1.28روپے کی کمی سے 205.12روپے کی سطح پر بند ہوا۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.50 روپے کی کمی سے 205روپےکی سطح پر بند ہوئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان سے فنڈز ملنے اور فرانس کے 107ملین ڈالر کے علاوہ جی ٹوئنٹی ممالک کی جانب سے 3ارب 50کروڑ ڈالر کے واجب الادا قرضوں کی وصولیاں موخر کرنے کی سہولت اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری دلچسپی جیسی خبروں کے باعث ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا ہے۔