سوار محمد حسین شہید کا 73 واں یوم پیدائش کل منایا جائے گا

326

نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے جوان سوار محمد حسین شہید کا 73 واں یوم پیدائش 18 جون کو منایا جائے گا۔ مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں سوار محمد حسین شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ سوار محمد حسین شہید 18 جون 1949 کو ڈھوک پیر بخش (ضلع راولپنڈی) میں پیدا ہوئے۔

وہ 3 ستمبر 1966 کو پاک فوج میں بطور ڈرائیور بھرتی ہوئے۔ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں وہ اپنی یونٹ کے ساتھ خدمات سر انجام دے رہے تھے فوج میں اگرچہ وہ ڈرائیور تھے لیکن انہوں نے یونٹ کے ہر کام کو خوش اسلوبی سے انجام دیا۔ سوار محمد حسین شہید 5 دسمبر 1971 کو ظفر وال (شکر گڑھ) کے محاذ پر دشمن کی گولہ باری کی پرواہ کیے بغیر خندق میں موجود اپنے ساتھیوں کو گولہ بارود پہنچاتے رہے وہ خود بھی ٹینک شکن توپوں کے پاس جا کر دشمن کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرتے تھے جس سے دشمن کے بہت بڑی تعداد میں ٹینک تباہ ہو گئے تھے۔

10 دسمبر 1971 کو سوار محمد حسین دشمن کی مشین گن کی گولیوں کا نشانہ بن گئے اور جام شہادت نوش کیا۔ سوار محمد حسین کی اعلی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت پاکستان نے انہیں نشان حیدر کا اعزاز عطا کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے پہلیجوان تھے۔سوار محمد حسین کی میت کو پہلے شکرگڑھ میں امانتا دفن کیا گیا پھر اسے ڈھوک محمد حسین جنجوعہ میں منتقل کردیا گیا۔