جامعہ زکریا میں جعلی داخلوں کا معاملہ، نیب کا وائس چانسلر کے نام خط

360

ملتان میں جامعہ زکریا میں مبینہ طور پرلا( قانون) کے طالب علموں کے جعلی داخلوں کے معاملے پرقومی احتساب بیورو نے وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی منصور اکبر کنڈی کے نام خط لکھ دیا ہے۔ یہ خط ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب سید رضوان حسین شاہ کی جانب سے لکھا گیا ہے۔

خط کے ذریعے نیب نے یونیورسٹی سے 3 سالہ ایل ایل بی ڈگری پروگرام سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اداروں کے حساب سے سیٹ کی منظوری کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے جب کہ کوٹہ فراہمی سے متعلق میٹنگز منٹس بھی طلب کئے گئے ہیں۔

اداروں میں طالب علموں کے 3 سالہ ایل ایل بی پروگرام میں داخلوں کی تعداد کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے جب کہ داخلوں کے کوٹے سے متعلق تمام عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول بھی طلب کی گئی ہیں۔ نیب نے داخلوں کی فیس،رجسٹریشن وغیرہ کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

وائس چانسلر منصور اکبر کنڈی سے انکوائریوں کی رپورٹ، عملدرآمد رپورٹ اور مبینہ انرولمنٹ ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ یونی ورسٹی رجسٹرار صہیب راشد نے بتایا کہ نیب کی جانب سے جو بھی ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ہم اس کو دینے کے پابند ہیں۔