ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلیے پلان مرتب کیا جائے، کمشنر جنوبی  

290

کراچی: قائم مقام کمشنر کراچی وڈپٹی کمشنر جنوبی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی کی صدارت میں مون سون کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس انعقا د ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 1 تبریز صادق مری، اے ڈی سی 2 سمیع اللہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز سمیت کے ایم سی، ڈی ایم سی جنوبی، کراچی واٹر بورڈ، کے ڈی اے، پی ڈی ایم اے  اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔

عبدالستار عیسانی نے کہا کہ مون سون میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، کراچی واٹر بورڈ اور ڈسٹرکٹ میونسپل کا رپوریشن کی مشاورت سے پیشگی کنٹی جینسی پلان مرتب کیا جائے تاکہ سندھ حکومت اور پی ڈی ایم اے سمیت متعلقہ حکام کو آگاہی دی جا سکے۔ انہوں  نے کہا کہ نشیبی علاقوں کی نشاندہی کی جائے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے، اس معاملے پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

قائم مقام کمشنر کراچی و ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے مزید کہا کہ ضلع جنوبی کے اولڈ ایریاز میں نکاسی آب میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے اور چھوٹے بڑے برساتی نالوں پر نظر رکھی جائے اگر کہیں کوئی مسئلہ ہے تو حل کیا جائے تاکہ آنے والے مون سون میں برساتی پانی شہر سے آسانی سے گزر جائے۔