جماعت اسلامی نظام کو تبدیل کرنے کی علمبردار جماعت ہے

333

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام کو تبدیل کرنے کی علمبردار جماعت ہے۔ موجودہ معاشی نظام جو عالمی ساہوکارساہوکاروں کے شکنجہ میں ہے اس سے پاکستانی عوام کو کبھی ریلیف نہیں مل سکتا۔ سودی نظام اللہ اور رسول ﷺکے خلاف اعلان جنگ ہے جس کو کوئی نہیں جیت سکتا۔مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی تینوں بڑی پارٹیاں سودکے نظام کوجاری رکھنا چاہتی ہیں جو ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون 173 منصورہ کی ایگزیکٹوباڈی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد، امیر زون 173 چودھری عبدالواحد اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مشتاق بٹ،حافظ ذوالنون سمیت بڑی تعداد میں ذمے داران نے شرکت کی۔ شرکا اجلاس کا ملک کے ابتر معاشی حالات پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا اور11 جون کو عوامی مارچ کی تیاریوں اور آئندہ انتخابات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کی ایما پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کیا گیا۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ سودی نظام معیشت ملک کی تباہی، بربادی اور لوگوں کے مسائل کی ذمے دار ہے۔ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں تک کا تعین پاکستان کی حکومت کے بجائے آئی ایم ایف کے ساہوکار کررہے ہیں اور اس سے ہمارے لوگوں کیلیے کیا خیر ہوسکتی ہے۔امیر لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ہر کارکن کونظام کی تبدیلی کی جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔لوگوں کو قائل کیا جائے کہ وہ آزمائی ہوئی سیاسی پارٹیوں اور لیڈروں کو چھوڑ کر اس ملک کی سب سے زیادہ جمہوری،امانت و دیانت اور خدمت کرنے والی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔