عوام پر ملکی تاریخ کی کمزور ترین حکومت مسلط ہے،جاوعید قصوری

291

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملکی تاریخ کی کمزور ترین حکومت مسلط ہے جو کہ عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت اپنے پاوں پر خود ہی کلہاڑی مارنا چاہتی ہے۔ پر امن احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا آ ئینی و قانونی حق ہے، آنسو گیس کی شیلنگ، پکڑ دھکٹر اور لوگوں پر تشدد کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کے پاس فہم و فراست نام کی کوئی چیز نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت، حکومت کی بیڈ گورننس اور آئی ایم ایف کی غلامی جیسے مسائل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی راہ میں اصل رکاوٹ ہیں۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ عوام نے تینوں جماعتوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے۔ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے محض زبانی کلامی اقدامات کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دور ظلم و جبر کا دور ہے، عوام نے اس سے گھبراہنا نہیں،یہ بھی جلد ختم ہو جائے گا۔عوام درپیش مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے نشان ترازو کو کامیاب کروائیں۔جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خاتمہ کی جدو جہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود پر آنے والے پاکستان کو کسی صورت میں بھی لبرل اور سیکولر نہیں بننے دیں گے۔اس میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا دین ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا نعرہ لگاکر بر سر اقتدار آنے والوں نے ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکمرانوں کو احساس ہی نہیں کہ عوام کس اذیت اور کربناک حالات سے دوچار ہیں۔ وزرا محض قومی خزانے پر بوجھ کے سوا کچھ نہیں۔ جو حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی ا س کو بر سر اقتدار رہنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں۔ لوگوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہاہے۔ ملک و قوم کو ناقص گورننس کا سامنا ہے۔ تبدیلی سرکار عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی ہے۔