امریکا عصر حاضر کا فرعون اور نمرود ہے، راشدنسیم

1190

کراچی (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ سچائی اور حق کو کسی دنیاوی شان و شوکت کی ضرورت نہیں۔ اگر ظاہری رعب ودبدبے کوحق کا پیمانہ طے کریں تو اس وقت امریکا سب سے بڑا حق اور ماضی میں ہٹلر، فرعون اور نمرود تھے۔ سچائی سے وابستہ افراد کو یہ بھی یقین ہونا چاہیے کہ یہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے کہ کس کو کس موقع پر کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔ مشکلات اور مصیبتیں حق کا ساتھ دینے والوں کے ساتھ رہی ہیں، لیکن تاریخ نے انھیں ہمیشہ عظمت بخشی اور وہ صدیوں یاد رہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلاک این کراچی میں عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ حق اس کا پابند نہیں کہ وہ شکست کھا رہا یا فاتح ہے، اس کی سیٹیں کم ہیں یا زیادہ اور اس کے جلسے بڑے ہو رہے ہیں یا چھوٹے۔ کربلا کے میدان میں حضرت امام حسینؓ کو یزیدی طاقتوں کے سامنے بظاہر کامیابی نہ ملی، مگر وہ تاریخ میں 14صدیوں سے زندہ ہیں اور امت ان کی قربانی سے آج تک سبق لے رہی ہے۔ حضورؐ کو طائف میں کٹھن مرحلے سے گزرنا پڑا، وہ لہو لہان ہوئے مگر اللہ تعالیٰ نے انھیں اپنے مقصد میں عظیم کامیابی سے نوازا۔ افغانستان کے عوام 4 دہائیوں سے باطل کے خلاف جدوجہد میں مصروف تھے اور آخرکار سپر پاور کو ڈھیر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ فلسطینیوں نے شہادتوں کے انبار لگا دیے، وہ اکٹھے ہیں اور متحد ہو کر بغیر کسی پریشانی کے ظالم کے سامنے کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ تاریخ فیصلہ کرے گی حق پر کون ہے اور باطل پر کون۔ حق کے علمبردار بہار اور خزاں کے پابند نہیں ۔ سچائی کے ساتھ ڈٹ جانا اور قربانیاں دینا ان کا شیوہ ہے۔