سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی درخواست غیرموثرہونے پرنمٹا دی

249

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق پاسبان پاکستان کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی،دوران سماعت درخواست گزاروں کے ایک وکیل کی شرٹ کے بٹن کھلے ہونے پرچیف جسٹس نے اظہارِ برہمی کیا۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختلف سیاسی جماعتوں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق پاسبان پاکستان کی درخواست غیرموثرہونے پر نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے،درخواست کا مقصد پورا ہوگیاہے۔متحدہ کی جانب سے حلقہ بندیوں کی تشکیل پراعتراضات کے معاملے میں عبدالرحمن ایڈووکیٹ نے عدالت سے کہا کہ

پورے سال میں کمیٹی کی تشکیل سے متعلق نوٹیفکیشن ہی عدالت میں پیش کیا جاسکا ہے۔وکیل ایم کیو ایم نے کہا کہ ان حلقہ بندیوں پر منصفانہ الیکشن نہیں ہوسکتے۔چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق جو بھی اعتراضات ہیں اس کی سماعت دوسرا بنچ کرے گا۔

عدالت نے بیرسٹررضا ربانی سمیت حلقہ بندیوں سے متعلق تمام درخواستیں متعلقہ بنچ کو بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے ایک وکیل کی شرٹ کے بٹن کھلے ہونے پراظہارِ برہمی کیا۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ

ٹائی کے بغیر گریبان کھول کرعدالت آنا اچھاعمل نہیں اگر یہ رو یہ برقراررکھنا ہے تو ہم عدالتیں بند کرکے تالا لگا دیتے ہیں۔چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے جونیئر وکیل کو نصحیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عدالتی ماحول کا خیال رکھیں۔