مہنگائی نے عوام کو زندہ درگور کردیا، محمد جاوید قصوری

663
Inflation

لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔ حکمران عوام کی دکھ، تکلیف اور مشکلات پر نظر ڈالیں، تبھی ان کو احساس ہوگا کہ لوگ کتنی اذیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بد قسمتی سے حکمرانوں کی ڈھٹائی اور بے حسی کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

 محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ سوئس اکائونٹس میں 1400پاکستانیوں کے کھربوں روپے پڑے ہیں ۔ پانامہ لیکس، پنڈورا پیپرز اور سوئس اکائونٹس میں ہزاروں پاکستانی منظر عام پر آچکے ہیں، مگر مجال ہے کہ سابقہ حکومت اور موجودہ حکمرانوں نے ان کے خلاف کسی قسم کا بھی کوئی اقدام کیا ہو۔ ان حکمرانوں کے پاس محض زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم تحریک انصاف اور موجودہ اتحادی حکومت کی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ دیکھ چکے ہیں۔ ان کے پاس اہلیت ، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی اشتہارات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

محمد جاوید قصور ی  کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو ان کو اقتدر میں رہنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ جب سے تحریک انصاف اور بعد ازاں شہباز حکومت آئی ہے ملک و قوم داخلی و خارجی دونوں محاذوں پر مسلسل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔