انٹرکلب ہاکی چمپئن شپ کا انعقاد قومی کھیل کی خدمت قرار

204
کراچی : انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ میں مہمان خصوصی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق اولمپئنز اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز نے کراچی سمیت ملک بھر میں جاری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ کو قومی کھیل کی بحالی کے لئے اہم قرار دیا یے۔ اولمپیئن حنیف خان نے ہاکی فیڈریشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیر آئے درست ائے، آرمی چیف کی ہدایت پر فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری اولمپیئن آصف باجوہ کا پورے ملک میں کلب کی سطح پر چیمپئن شپ کا انعقاد ہاکی کی اصل خدمت ہے۔ 25 سال قبل فیڈریشن ڈومیسٹک ہاکی پر توجہ دیتی تو آج ہم عالمی رینکنگ میں 18ویں نمبر پر نہیں ہوتے۔ اولمپیئن ناصر علی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی ہدایت کے باعث قومی کھیل کو ایک نئی زندگی ملے گی، سرحدوں کی حفاظت کرنے والے قومی کھیل کی بحالی کے لئے ایک قدم آگے آئیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کلب ہاکی سے سامنے آنے والے نئے ٹیلنٹ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انٹرنیشنل ہاکی پیلئر حیدر حسین کا کہنا ہے پاک فوج جیسے منظم ادارے کا ہاکی کے لئے آگے آنا خوش آئند ہے۔ کھیلوں کے فروغ میں پاکستان آرمی کا ایک نمایاں کردار ہے، پاک آرمی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے روٹ میپ تشکیل دے اور محکموں میں ہاکی ٹیم کی بحالی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔