ڈالر کی پرواز روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ، لاہور چیمبر

236

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ، بے لگام اضافہ کی وجہ سے معیشت کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن او رنائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ روپے کی قدر میں بے حد کمی تشویشناک ہے، پچھلے صرف ایک ماہ میں روپے کی قدر میں تقریبا چھ فیصد کمی ہوئی جس کی بڑی وجوہات میں سیاسی غیر یقینی صورتحال، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ہے جو رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 39ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔

لاہور چیمبرکے عہدیداران نے کہا کہ چونکہ پاکستانی صنعت خام مال، پرزہ جات اور مشینری کی درآمد پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے ، اس لیے روپے کی قدر میں کمی کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے غیرضروری اور پرتعیش اشیا ء کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک، بالخصوص چین کے ساتھ مقامی کرنسی میں تجارت سے ڈالر پر انحصار اور تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو بھی نمایاں طور پر کم ہوجائے گا ۔