مختلف ٹیکس لگا کرعوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے ، جاوید قصوری

359

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ غربت ، مہنگائی،بے روزگاری،بددیانتی،کرپشن اور معاشی عدم استحکام جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے۔مختلف ٹیکس لگاکر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے۔ملکی قرضوں کا کل حجم 122ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔سودی معاشی نظام کا خاتمہ اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہماری جدوجہد کا بنیادی جزو ہے۔اس حوالے سے شریعت کورٹ کے فیصلے پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلا می اور دیگرعاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت حکمران پاکستان کی آزادی خود مختاری اور سلامتی کے لیے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں۔ حکمرانوں نے چند ڈالروں کے حصول کی خاطر پاکستان کی خود مختاری کو فروخت کردیا ہے۔ جو حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی ا س کو برسراقتدار رہنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور توانائی بحران کی آڑ میں کرپٹ افراد نے اپنی تجوریوں کو بھرا ہے۔ حکمرانوں سمیت کسی کو بھی عوام کے مسائل اور ان کے حل سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے بھی عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ماضی کے منافع بخش ادارے اب قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکے ہیں۔ ہر ادارے میں کرپشن اور بد عنوانی کی لمبی داستانیں دکھائی دیتیں ہیں۔آئے روز اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔قومی اداروں کو بہتراورفعال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان سے کالی بھیڑوں کو فی الفور نکالا جائے۔ ڈالر ملک کی بلند ترین سطح200روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ سونے کی قیمت میں 15سو روپے اضافے سے فی تولہ ایک لاکھ 38ہزار روپے ہو گئی ہے۔