سرکاری اسکولوں میں سولرانرجی کے منصوبے میں پیشرفت

381

لاہور: ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرکاری سکولوں کوسولر انرجی سے بجلی فراہمی کے 5 سالہ منصوبے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ اے ڈی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ میں سولر پینلز کی تنصیب کیلئے 32 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض دیا گیا اور سولر پینلزکے ذریعے 12 ہزار 700 سے زیادہ سرکاری اسکولوں کوبجلی فراہم کردی گئی۔

اے ڈی بی کے مطابق پنجاب میں 10 ہزار 700 اورخیبرپختونخوا ہ میں 2 ہزار سے زائد سکولوں کوسولرپینل سے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور اس سے 14 لاکھ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے حصول میں مدد مل رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 2500بنیادی ہیلتھ یونٹس میں بھی سولر پینل نصب کئے جارہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے بعض دیہی علاقوں میں یومیہ 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی تھی اور پنجاب کے 10 فیصد دور افتادہ سرکاری سکول بجلی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب میں مزید 4200 اور خیبرپختونخواہ میں 6 ہزار پینل نصب کئے جارہے ہیں جبکہ پختونخواہ میں 600 چھوٹے ہائیڈرو پاور پلانٹس کی تعمیر کیلئے بھی مدد کی جارہی ہے۔ اے ڈی بی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2017میں شروع ہونے والا منصوبہ تکمیل کے قریب ہے۔