میٹرک امتحانات ،من پسند مراکز کیلئے رشوت طلبی کا انکشاف،پہلا پرچہ آئوٹ

429

کراچی (رپورٹ: حماد حسین) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحانات کے حوالے سے من پسند امتحانی مراکز قائم کرنے کے لیے ہزاروں روپے بطور رشوت طلب کیے جانے کا انکشاف ہو ا ہے۔بورڈ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے کئی اسکولوں کو امتحانی مراکز بنانے سے قبل انہیں دیکھنا بھی گوارہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق امتحانات سے2 ماہ قبل ہی پرمیشن سیکشن کے سپرنٹنڈنٹ نوید قمر کو پریکٹیکل سیکشن میں تبادلہ کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق شعبہ امتحانات کے ملازمین نے اسکول انتظامیہ سے رشوت لے کر انہیں من پسند امتحانی مراکز قائم کرکے دیے۔من پسندامتحانی مراکز کے لیے 50 ہزار سے80 ہزار روپے تک ریٹ مقرر کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق عمر آئیڈیل پبلک سیکنڈری اسکول سے لڑکیوں کی انرولمنٹ کرائی گئی اور آئیڈیل انگلش گرامر اسکول سے لڑکوں کی انرولمنٹ کرائی گئی تھی جبکہ دونوں اسکولوں کا مالک ایک ہی شخص ہے۔ بورڈ کے شعبہ امتحانات کی ملی بھگت سے آئیڈیل انگلش گرامر اسکول کو لڑکیوں کا امتحانی مرکز بنایا گیا جس میں نویں کلاس کی222 جبکہ دسویں کلاس کی 195طالبات کا امتحانی مرکز قائم کردیا گیا ۔ عمر آئیڈیل پبلک سیکنڈری اسکول کو لڑکوں کا امتحانی مرکز بنایا گیا جس میں نویں کلاس کے472 طلبہ جبکہ دسویں کلاس کے 440 طلبہ کا امتحانی مرکز قائم کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اسی طرح اورنگی ٹائون کا ایک اور امتحانی مرکز یونائیڈ سکینڈری اسکول کو بنایا گیا جس میں نویں کلاس کے 300 جبکہ دسویں کلاس کے 246 لڑکے امتحانات میں شریک ہوں گے‘مذکورہ اسکول کا ثانوی تعلیمی بورڈ سے الحاق ہوئے چند ماہ ہی ہوئے تھے۔ شاہ فیصل کالونی میں ماریہ ماڈل سکینڈری اسکول کو امتحانی مرکز بنا دیا گیا جس میں نویں کلاس کے398 جبکہ دسویں کلاس کے396 طلبہ امتحانات دیں گے۔ سابق چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے امتحانات سے قبل کچھ اسکولوں کو امتحانی مرکز بنائے جانے پر ہنگامی دورے کیے تھے اسی دورے میں شاہ فیصل کالونی میں قائم ماریہ ماڈل اسکول کا بھی دورہ کیا تھا اور امتحانی مرکزکے معیار پر پورا نہ اترنے پر اسکول کو آئندہ امتحانی مرکز بنائے جانے پر پابندی لگادی تھی تاہم اس بار یہ اسکول بھی امتحانی مرکز بنا دیا گیا۔ اسی طرح قائد آباد کے علاقے میں قائم اقرا انوار القرآن سکینڈری اسکول کو امتحانی مرکز بنا دیا گیا جبکہ یہ اسکول کچھ عرصہ قبل بند ہو چکا اور اس اسکول کی بلڈنگ میں احمد چلڈرن اسکول قائم ہے۔ کورنگی کے علاقے میں ایس ایم گرامر سکینڈری اسکول کو بھی امتحانی مرکز بنایا گیا جبکہ یہ اسکول بھی اس پتے پر اب موجود نہیں ہے اب اس جگہ پر SPIRIT نامی اسکول قائم ہے۔ علاوہ ازیںکراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات کے پہلے روز نویں جماعت کا کمپیوٹر سائنس کا پرچہ مبینہ طور پر آؤٹ ہو گیا‘ جو واٹس ایپ پر دستیاب تھا۔ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی درخواست کے باوجود بلدیہ، ملیر، لانڈھی، کورنگی اور دیگر علاقوں کے امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہی جس کے سبب طلبہ پریشا نی کا شکار رہے۔ادھر بعض امتحانی مراکز پر امتحانات وقت پرشروع ہوگئے‘ تاہم بیشتر امتحانی مراکز پر پرچہ تاخیر ست پہنچنے کی شکایت موصول ہوئیںجن امتحانی مراکز میں پرچہ دیر سے پہنچا ان میں گڈاپ ٹائون کے مختلف امتحانی مراکز میں شامل تھے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کے پہلے دن صبح کی شفٹ میں ساڑھے9 بجے سے ساڑھے12 بجے تک سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون کے لیے سائنس گروپ کا کمپیوٹر اسٹیڈیز کا پرچہ جبکہ دوپہر ڈھائی بجے سے ساڑھے 5 تک جنرل گروپ پارٹ ٹو کے جنرل سائنس کا پرچہ ہوا۔