قومی بیس بال ٹیم کے امریکی کوچ پاکستان پہنچ گئے

416
لاہور: قومی بیس بال ٹیم کے امریکی کوچ رینڈل آرمز کا ائرپورٹ پر صدر فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ استقبال کررہے ہیں

لاہور( جسارت نیوز )امریکی بیس بال کوچ رینڈل آرمز پاکستان پہنچ گئے۔وہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کی جانب سے اجوا سٹی گجرانوالہ میں شروع ہوئے بیس بال کیمپ میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے۔فیڈریشن نے رینڈل آرمز سے ایک ماہ کا معاہدہ کیا ہے۔انکی آمد کے موقع پر صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخرعلی شاہ اور کپتان عمیر بھٹی نے لاہور ایئرپورٹ پر انکا شاندار استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہنے کے ساتھ پھولوں کے گلدستے پیشکیے گئے۔اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کو ورلڈ مقابلوں کے لیے بہتر بنانا فیڈریشن کا مقصد ہے اور میں سید فخرعلی شاہ کا شکرگزار ہوں کہ وہ بیس بال کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھا رہے ہیں اور میرا یہاں آنے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ مہیا کرنا ہے۔ سید فخر علی شاہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارا مقصد سائوتھ ایشین گیمز اور ایشین گیمز کی بھرپور تیاری کے علاوہ ٹیم کو ورلڈ بیس بال کلاسیک کوالیفائر کے لئے تیار کرنا ہے۔فیڈریشن کے میڈیا مینیجر پرویز شیخ کے مطابق ورلڈ بیس بال کلاسیک کوالیفائر 28 ستمبر سے 5 اکتوبر تک پنامہ میں شیڈول ہے اور کوچ رینڈل آرمز نے گجرانوالہ پہنچ کر پاکستان بیس بال ٹیم کی ٹریننگ کے آغاز سے قبل فیڈریشن کے اہم عہدیداران، کوچز، سینیئر کھلاڑیوں اور نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں جس میں وہ کوچنگ سے متعلق اہم ٹپس دینے کے ساتھ ساتھ معلومات فراہم کررہے ہیں ۔