بجلی کی قیمت میں 4.85 روپے فی یونٹ اضافہ قابل مذمت ہے ، جاوید قصوری 

283

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نئی حکومت نے بجلی کی قیمت میں 4.85روپے فی یونٹ مہنگا کرکے عوام کو تحفہ دے دیا ہے۔ ثابت ہوگیا ہے کہ ملک کے اندر خواہ حکومت کسی کی بھی ہو مہنگائی پرقابو پانا ان کے بس کی بات نہیں۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مہنگائی کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا شہباز دورحکومت میں وہیں سے شروع ہوگیا ہے۔

بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 38ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ لوگوں کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی ریلیف میسر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو انتقامی سیاست کا خاتمہ کرکے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر موجودہ حکومت کے بیانات سے تاثر ملتا ہے جیسے سیاسی عدم استحکام پہلے سے زیادہ سنگین ہوسکتا ہے۔

جماعت اسلامی ملک کے اندر سیاسی و معاشی استحکام کے لیے فوری انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے۔ ملک و قوم کو جو حالات درپیش ہیں ان سے نجات حاصل کرنا کسی ایک کے بس میں نہیں ۔ اس حوالے سے افہام و تفہیم سے کام لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ اس گھناﺅنی سازش میں ملوث افرا دکے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ ملک و قوم کی سلامتی سے کھیلے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ درپیش بحرانی کیفیت کسی طور پر بھی ملک و قوم کے لیے ٹھیک نہیں۔ ملک کے اندر 7ہزار میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ جس سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔