بلوچستان حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

285
local government

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن میں بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا وکلاءکے ہمراہ پیش ہوئےاور بتایا کہ مجھے شارٹ نوٹس ملا، بڑی مشکل سے پہنچا ہوں۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ بلوچستان اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد پاس کی ہے،چیف الیکشن کمشنر نے اس پر ریمارکس دیئے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخاب میں تاخیرنہیں ہو سکتی۔

چیف الیکشن کمشنر  کا کہناتھا کہ بلوچستان اسمبلی کی منظورکردہ قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں، مردم شماری حلقہ بندیوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر بحث لایا گیا، سپریم کورٹ کی واضح ہدایت ہے، بلدیاتی الیکشن ہر صورت کرانے ہیں۔درخواست کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ بلوچستان اسمبلی کی منظورکردہ قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں، صوبے میں  جمعہ سے کاغذات نامزدگی کا عمل شروع ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہناتھا کہ امن وامان کے مسئلہ کی فکرنہ کریں، ہم اداروں سے رابطے میں ہیں، بلدیاتی انتخابات سے متعلق صوبائی حکومت سے 15 دن مشاورت رہی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی کابینہ قرارداد پاس کر دے کہ بلوچستان میں الیکشن ہی نہ ہوں تو کیا ایسا ہوگا؟ آئین یا قانون میں اس چیزکی کوئی گنجائش نہیں۔