پولیس نے بلاجواز میرے بھتیجے کو گرفتار کیا ہے ،یارمحمدبھٹی

246

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)پولیس نے بلاجواز میرے بھتیجے عبدالساجد بھٹی کو گرفتار کر کے لاپتا کردیا ، گزشتہ 3 روز سے ملاقات پر بھی پابندی لگادی گئی ہے ، چند روز قبل شہر سے موٹر سائیکل چوری ہوئی پولیس نے اصل ملزمان کو چھوڑ کر میرے بھتیجے عبدالساجد بھٹی کو بلا جواز جھوٹے کیس میں ملوث کردیاہے ، ایس ایس پی عبداللہ میمن فوری طور پر نوٹس لیں ، پیر محلہ کے رہائشی یار محمد بھٹی و دیگر کی پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈومحمدخان کے علاقے پیر محلہ کے رہائشی یار محمد بھٹی ودیگر نے پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ چند روز قبل میرے بھتیجے عبدالساجد بھٹی کو پولیس نے بلا جواز گرفتار کیا اور اب گزشتہ 3 روز سے لاپتا کردیا ہے اور رشتے داروں کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ، چند روز قبل ٹنڈومحمدخان شہر سے ایک پکوڑے فروش کی موٹر سائیکل چوری ہوئی جس کے شک میں پولیس نے پکوڑے فروش کے ملازم اور ڈرائیور کو گرفتار کیا ، جنہیں بعد میں پولیس نے سیاسی مداخلت پر چھوڑ دیا جبکہ میرے بھتیجے عبدالساجد بھٹی کو بھی پولیس نے مذکورہ موٹر سائیکل کی چوری کے شک میں گرفتار کیا کئی روز گزر جانے کے باوجود پولیس تاحال میرے بھتیجے کو مجرم ثابت نہیں کر سکی ، میرے بھتیجے کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے ، پھر بھی میرے بھتیجے کو حراست میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ اسے موٹر سائیکل چوری کے جھوٹے مقدمے میں ملوث کرایا جاسکے ، اگر میرا بھتیجا موٹر سائیکل چوری میں ملوث ہے تو پولیس اسے عدالت میں پیش کر ے بلا جواز گرفتار کر نے اور لاپتا کرنے کا اختیار پولیس کے پاس نہیں ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف ہائی کورٹ سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، ڈی آئی جی حیدرآباد ، ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان عبداللہ میمن سے اپیل کی ہے کہ پولیس کی جانب سے میرے بھتیجے کو گرفتار کر نے اور لاپتا کیے جانے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور میرے بے گناہ بھتیجے کو جلد ا ز جلد رہا کیا جائے۔