میرواہ گورچانی،حکومت سندھ نے متعدد اسپتالوں کا انتظام خود سنبھال لیا

284

میرواہ گورچانی(نمائندہ جسارت )دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی جس کو آئی ایچ ایس نامی این جی او نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا اب چند ماہ سے حکومت سندھ نے دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی سمیت صوبے بھر کے متعدد اسپتالوں کا انتظام آئی اس ایچ ایس سے واپس لے کر خود سنبھال لیا ہے لیکن محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے اسپتال ایمرجنسی ادویات سے بھی محروم ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث غریب اور نادار مریض میڈیکل اسٹور سے مہنگے داموں ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی کے گزشتہ 4 ماہ سے قائم مقام انچارج ڈاکٹر علی گوہر کلہوڑو جو آج 31 مارچ کو اپنی مدت ملازمت مکمل کر کے ریٹائر ہورہے ہیں انہوں نے لیڈی ڈاکٹر حمیدہ لغاری کے ہمراہ علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری محمد اشرف سے ملاقات کی اور انہیں دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی کے موجودہ مسائل سے آگاہ کیا جس پر چودھری محمد اشرف آرائیں نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اور ڈی ایچ او میرپورخاص سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ سے بھی رابطہ کیا جس پر سید علی نواز شاہ نے دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی میں ادویات کی قلت،ڈاکٹروں کی کمی سمیت دیگر مسائل فوری طور پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر چودھری محمد اشرف آرائیں نے ڈاکٹر علی گوہر کلہوڑو کو غریب مریضوں کے لیے ایمرجنسی ادویات کی خریداری کے لیے اپنی طرف سے 50 ہزار روپے نقد عطیہ دیا ۔