میرپورخاص: برف کی قیمتوں میں فی سل 100 روپے کا اضافہ

286

میرپورخاص (نمائند ہ جسارت)شہر میں قائم برف کارخانوں کے مالکان نے من مانی کرتے ہوئے برف کی فی سل پر 100 روپے کا اضافہ کر دیا ، 250 روپے میں ملنے والی برف کی سل اب 350 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ شہر بھر کے برف کارخانوں میں فوڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ قوائد کے برعکس صاف پانی اور لیبارٹری کا قیام نہ ہونا سوالیہ نشان ہے شہر بھر میں جگہ جگہ گدھا گاڑیوں اور پتھاروں پر روزانہ برف فروخت کرکے اُجرت کمانے والوں کا کہنا تھا کہ برف کارخانے والوں نے بلاوجہ برف کی فل سل پر 100 روپے اضافہ کیا ہے جس سے درجنوں اس کام سے وابستہ لوگ بے روزگار ہو جائیں گے کیونکہ برف کی فروخت زیادہ تر ان علاقوں میں کی جاتی ہے جہاں انتہائی غریب لوگ رہتے ہیں۔ دوسری جانب سبزیوں کے لیے بھی برف کا استعمال کیا جاتا ہے اس تمام عمل سے سبزیوں کی قیمتوں پر بھی اثر پڑے گا برف فروخت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ناجائز بڑھائے جانے والے برف کے نرخوں پر ضلع انتظامیہ اور فوڈ ڈپارٹمنٹ ہفتہ وار چیکنگ کرے تاکہ اس کام سے وابستہ لوگوں کا روزگار چل سکے۔