لاڑکانہ،پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی ،6 گرفتار

513

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خونریزی، اغوا، ڈکیتی، لوٹ مار، چوریوں، منشیات فروشی اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری و روپوش 6 ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے نقدی، اسلحہ، چوری شدہ موٹرسائکلیں، لوڈر چنگ چی رکشا اور چرس سمیت دیگر سامان برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق باقرانی پولیس نے بدنام ڈاکو کیہو جتوئی کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت اور سی آئی اے پولیس نے رتودیرو کی حدود سے ایک ڈاکو کو اسلحہ سمیت، رتوڈیرو پولیس نے دو قتل مقدمے کے اشتہاری ملزم نادر رند کو، ڈکیتی مقدمے میں روپوش ملزم غلام حسین جلبانی کو، الہ آباد پولیس نے ڈکیتیوں، چوریوں اور ناجائز اسلحہ جیسے سنگین نوعیت کے 10 سے زائد مقدمات کے اشتہاری ملزم صدیق ابڑو کو اور باڈہ پولیس نے منشیات فروش ملزم سلیم چانڈیو کو ایک کلو ایک آنا چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے، دوسری جانب دڑی پولیس نے گاڑھو بنگلو کے علاقے سے شہری روی کمار سے چھینی جانے والی نقدی ڈیڑھ لاکھ روپے، مارکیٹ پولیس نے دینی مدرسہ اسکول سے شہری دھرمیندر سے چھینی جانے والی نقدی ایک لاکھ روپے، جنرل پوسٹ آفس کے قریب شہری صفدر علی شیخ اور کامران شیخ سے چھینی جانے والی نقدی بیس ہزار روپے برآمد کرلیے جبکہ نوڈیرو پولیس نے شہری محمد عرس شیخ کا چوری شدہ لوڈر رکشا، شہری نعمت اللہ شیخ کے گھر سے چوری شدہ سامان، الہ آباد سے شہری رفیق شیخ کی چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردی۔ دوسری جانب لاڑکانہ پولیس نے مبینہ مقابلے میں دس سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ تھانہ یونیورسٹی کی حدود یونیورسٹی روڈ پر گاہی واہ کے قریب مبینہ طور پر واردات کے ارادے سے کھڑے ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا جس جہاں دونوں اطراف فائرنگ کے نتیجے میں پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی فرار فرار ہوئے تاہم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس جوان معجزانہ محفوظ رہے بعد ازاں ملزم کو چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا۔اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت تحصیل باقرانی کے گاؤں محراب پور کے رہائشی کیھر عرف کیھو جتوئی ولد پیرل طور پر ہوئی ہے جو ضلع کے مختلف تھانوں پر 20 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاریوں کیلیے تلاش جاری ہے اور ملزم کا مزید مجرمانہ رکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔