بھارت میں فسادات پھوٹ پڑے‘ 10 افراد کو زندہ جلا دیا گیا

287

 

کلکتہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک سیاسی رہنما کے قتل کے بعد مخالفین کے گھروں کو آگ لگادی گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں ترمنول کانگریس کے مقامی رہنما کی قاتلانہ حملے میں ہلاکت کے بعد مشتعل افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کرکے مخالفین کے گھروں کو نذر آتش کردیا جس کے باعث 10سے زائد گھر جل کر خاکستر ہوگئے، جن میں سے 8 لاشیں نکالی گئیں جب کہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی اور درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ 2 گینگز کے درمیان جھگڑا ہے۔ دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 2 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن پر ترمنول کانگریس کے رہنما کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ علاوہ ازیں دی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسٹ) کے ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ ان کی پارٹی کے حامیوں کے گھروں کو آگ لگائی گئی ہے۔ بی جے پی کی مقامی قیادت کے مطابق فسادات ریاست میں صدارتی نظام لانے کی سازش ہے۔