او آ ئی سی وزرائے خارجہ اجلاس آج سے شروع ہوگا

216

اسلام آ باد (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس آج (منگل کو ) پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں شروع ہوگا ‘ 2 روزہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر، مسلم امہ کو درپیش معاشی، سیاسی اور ثقافتی چیلنجز کے ساتھ اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھی غورکیا جائے گا۔ کانفرنس میں 150 سے زاید قراردادیں منظور ہونے کا امکان ہے۔ چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے انہوں نے ملاقات کی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ا براہیم طحہٰ سے پیر کو ملاقات کی۔ ا فغانستان کی حکومت نے اسلام آباد میں ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں وزیرخارجہ امیرخان متقی کے بجائے اپنے نمائندے کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جہاں افغانستان کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔