کینیڈا: کلہاڑی بردار شخص کی مسجد میں نمازیوں پر حملے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

548
کینیڈا: کلہاڑی بردار شخص کی مسجد میں نمازیوں پر حملے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

اوٹاوا: کینیڈا میں کلہاڑی بردار شخص کی مسجد میں نمازیوں پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے، پولیس نے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق شہر میسیساگا میں واقع مسجد دارالتوحید اسلامک سینٹر میں نماز فجر کے وقت 24 سالہ شخص نے کلہاڑی کے ساتھ نمازیوں پر حملے کی کوشش کی۔ ملزم اپنے ساتھ پیپر اسپرے (مرچی اسپرے) بھی لایا تھا تاکہ اس سے لوگوں کی مزاحمت کو کم کرسکے تاہم اسے کامیابی نہ ملی۔

مسجد کے امام نے بتایا کہ ملزم کلہاڑی اور پیپر اسپرے کے علاوہ دیگر تیز دھار ہتھیار لے کر آیا تھا، ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ایک شخص تین نمازیوں پر بیئر اسپرے کرنے کی کوشش کررہا تھا جوکہ کلہاڑی اٹھایا ہوا تھا، لوگوں کے چیخنے پر نماز کی پہلی صف میں موجود لوگوں کو اس بات کا احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے، اسی وقت ایک نمازی پیچھے مڑا اور اس نے حملہ آور کے ہاتھ سے کلہاڑی گرادی اور اسے پکڑلیا اور اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک پولیس نہ آگئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار شخص کا نام محمد معیز عمر ہے جس کے خلاف چھ مقدمات درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔