فواد چودھری کی عمران خان کیخلاف ووٹ ڈالنے والوں کو کھلی دھمکی

344

 

اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ دیکھتے ہیں کس کی ہمت ہے جو عمران خان کے خلاف ووٹ دے، اپوزیشن ابھی سے ڈر گئی ہے، امید ہے کہ عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئے گی معاملات بہتری کی جانب جائیں گے۔اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے، لیڈر ایسے شخص کو بنانا چاہیے جو آپ کی عزت میں اضافہ کرے جب کہ زرداری اور نواز شریف عمران کے مقابلے کے لیڈر نہیں، جو کام ضیاء الحق نہیں کرسکا وہ زرداری نے کردیا اور 7سال میں پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مریم بی بی کہہ رہی ہیں کہ عمران خان عوام میں آکر دکھائیں؟ ہم نے اس دن کہا تھا ڈی چوک پر 10 لاکھ لوگ اکٹھے ہوں گے، نواز شریف اور زرداری سے کہتا ہوں اپنے گھر میں کتا بھی شیر ہوتا ہے ہمت ہے تو عمران خان کی طرح جلسے کر کے دکھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آ ج عمران خان اوورسیز پاکستانیوں میں سب سے زیادہ مقبول لیڈر ہیں، نواز شریف اورآ صف زرداری تو مقبولیت میں عمران خان کے قریب بھی نہیں ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف کے لیے تو پارک میں پیدل چلنا مشکل ہوجاتا ہے۔ چودھری شجاعت کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن سے جلسے نہ کرنے اور تصادم سے بچنے کی اپیل پر فواد چودھری نے کہا کہ چودھری شجاعت صاحب رائے شخصیت ہیں تحریک انصاف جمہوری پارٹی جو شدت پسندی کی سیاست نہیں کرتی نہ ہی تصادم پر یقین رکھتی ہے، اسلام آباد میں جلسے کا مقصد تصادم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر اپوزیشن پر امن جلسہ کرنا چاہتی ہے تو اس جلسے کو بھی خوش آمدید کرتے ہیں اور ہر طرح کی سہولت دیں گے، جمہوریت میں عوام کی رائے اصل فیصلہ ہے اور جلسے اس رائے کے اظہار کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ دریںاثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہماری ترسیلات زر میں 14.8ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کہتی ہے جن 5 ملکوں نے کورونا کا مقابلہ کیا ان میں پاکستان شامل ہے، بورس جانسن نے کہا ماحولیات سے متعلق دنیا کوعمران خان سے سیکھنا چاہیے۔