امریکا نے پیٹریاٹ دفاعی نظام پولینڈ منتقل کر دیا ہے، پینٹاگون

282
 امریکا نے پیٹریاٹ دفاعی نظام پولینڈ منتقل کر دیا ہے، پینٹاگون

واشنگٹن: امریکی وزارت دفاع کے ایک عہدہ دار کے مطابق پینٹاگون نے حالیہ دنوں سے دوران زمین سے فضا میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والی دو پیٹریاٹ بیٹریوں کو پولینڈ منتقل کر دیا ہے۔

امریکی عہدہ دار کے مطابق دفاعی نظام کے آلات کو جرمنی سے پولینڈ کے دو خفیہ مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔امریکی افسر کے مطابق امریکا نے نیٹو کے آرٹیکل 5 کے تحت پولینڈ کی دعوت پر اس کی سرزمین میں اپنا دفاعی نظام متعین کیا ہے۔امریکی بیان کے مطابق پیٹریاٹ بیٹریوں کی تعیناتی خالصتا دفاعی مقاصد کے لئے کی گئی ہے اور ان کے ذریعے سے امریکا اور اس کے نیٹو اتحادیوں کو درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹا جائے گا۔روسی صدر ولادی میر پوتین کی جانب سے دو ہفتے قبل یوکرین پر فوجی چڑھائی کے بعد روس کی جانب سے یوکرینی املاک پر متواتر فضائی حملے جاری ہیں۔

یوکرین نے ملک کی فضائی حدود کو یورپی ممالک کی جانب سے نو فلائی زون قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے مگر مغربی ممالک جنگ میں بالواسطہ مداخلت کرنے سے کتراتے ہوئے ایسا قدم نہیں اٹھا رہے۔ایک امریکی عہدہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولینڈ کی جانب سے اپنے جنگی طیارے امریکا کے حوالے کرنے کا فیصلہ امریکی وزارت دفاع کے مشورے سے نہیں کیا گیا تھا۔

پولینڈ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کی فضائیہ اپنے تمام مگ 29 طیارے جرمنی کے ہوائی اڈے پر امریکا کے حوالے کرنے کو تیار ہے۔یوکرین روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے فضائی مدد کی درخواست کر رہا ہے اور اس ضمن میں ایک تجویز یہ بھی زیر غور تھی پولینڈ اپنے تمام پرانے طیارے استعمال کے لئے فراہم کر دے اور امریکا پولینڈ کو نئے اور جدید طیارے فراہم کر دے گا۔