پی ایس ایل کا فائنل اتوار کو کھیلاجائے گا، قلندرز اور سلطانز مد مقابل ہونگے

252
پی ایس ایل کا فائنل اتوار کو کھیلاجائے گا، قلندرز اور سلطانز مد مقابل ہونگے

لاہور: آئی سی سی کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان کی زیرقیادت بالترتیب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان پی ایس ایل 7 کے ٹائٹل کافائنل معرکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

2017 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ ملتان سلطانز نے ایونٹ کے واحد کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جبکہ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں فتح کی دیوی ایک مرتبہ لاہور قلندرز اور ایک مرتبہ ملتان سلطانز پر مہربان ہوئی۔ دفاعی چمپئن ملتان سلطانز کو اب تک ایڈیشن 2022 میں شکست دینے والی واحد ٹیم بھی لاہور قلندرز کی ہی ہے۔ لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اپنے کیرئیر کے بہترین فارم میں ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 7 نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کرکے 585 رنز بناچکے ہیں۔اگر وہ فائنل میں مزید 15 اسکور بنالیتے ہیں تو وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 600 رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن جائیں گے۔

لاہور قلندرزکے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب صرف ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر مرکوز ہیں۔ کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کے لیے ٹورنامنٹ شاندار رہا ہے.