بلوچستان کے قوم پرست سیاستدان عبدالحئی بلوچ ٹریفک حادثے میں جاں بحق

165

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ممتاز قوم پرست سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق سیاسی رہنما کے بیٹے کا کہنا ہے کہ عبدالحئی کوئٹہ سے لاہور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے، میت پہاولپور سے آبائی علاقے بھاگ کیلیے روانہ کردی گئی ہے۔ بلوچستان کے بزرگ سیاستدان 76 سالہ ڈاکٹر عبدالحئی کا شمار صوبے کے ممتاز قوم پرست سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ان کی نماز جنازہ آج بروز ہفتہ ادا کی جائیگی، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ رکن قومی اسمبلی، سینیٹر، بلوچستان نیشنل موومنٹ اور نیشنل پارٹی سے وابستہ رہے۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے انتقال پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیئرمین سینیٹ اورسابق صدرآصف زرداری نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ یکم فروری 1946 کو بولان کے علاقے بھاگ میں پیدا ہوئے،انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کراچی سے ایم بی بی ایس کیا، وہ پیشہ کے لحاظ سے ڈاکٹر تھے تاہم زیادہ تر سیاست میں سرگرم رہے۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے کیا اور بی ایس او کے پہلے چیئرمین رہے، وہ 1970 کے عام انتخابات میں نیشنل عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بلوچستان نیشنل موومنٹ اور نیشنل پارٹی سے وابستہ اور سینیٹ کے رکن بھی رہے۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کچھ عرصہ قبل نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کینام سے نئی سیاسی جماعت قائم کی تھی۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ قوم پرست سیاست دان اور شعلہ بیاں مقرر تھے، انہیں عوامی اور سماجی حلقوں میں کافی پزیرائی حاصل تھی۔انہیں 2016 میں آرٹس کونسل کی جانب سے جالب امن ایوارڈ بھی دیا گیا۔