امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں 5مارچ کو ضلع کونسل چوک میں دھرنا ہوگا 

205

فیصل آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں 5مارچ کو ضلع کونسل چوک میں دھرنا ہوگا ، جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے دھرنے دے رہی ہے۔

ملک بھر میں ہونے والے 101 دھرنوں کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے ۔ 5مارچ کو ضلع کونسل چوک میں ہونے والے دھرنا میںضلع بھر سے ہزاروں مردو خواتین اور معصوم بچے شرکت کریں گے آن لائن کے مطابق اس سلسلہ میں انتظامی امور کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے  سربراہ اور صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خاں نے کہا کہ قوم آئی ایم ایف کی مزید غلامی برداشت نہیں کرے گی۔ ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے پُرامن جمہوری جدوجہد وقت کا تقاضا ہے۔ عالمی استعماری ایجنڈا نافذ کرنے والے حکمرانوں کو پرامن طریقے اور عوام کی طاقت سے گھر بھیجیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ اور سود ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ وزیراعظم قوم کو دھوکا دینا بند کریں۔ بڑی اپوزیشن جماعتیں اور حکمران پارٹی عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ سب نے حکمرانی کے مزے لوٹے اور ملک کو کمزور کیا۔پاکستان کی نصف سے زائد آبادی بے روزگاہو چکی ہے، ملک کی دوتہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہیں۔ 20ہزار اوسطاً تنخواہ لینے والے شخص کا گھر کا بنیادی خرچہ 50 ہزاروپے سے تجاوزکرچکا ہے ۔ لوگوں کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانے کے لیے بھی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں،یوٹیلیٹی بلز عوام کے لئے موت کے پرزے بن گئے ہیں۔

پی ٹی آئی اپوزیشن سے نمٹنے کی حکمت عملیاں بنانے کی بجائے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لے ۔پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور پی پی ایک ہی سکے کے مختلف رخ ہیں۔ عوام کو مسلسل دھوکا دیا جا رہا ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی پالیسیوں میں رتی برابر فرق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، معاشرہ اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا جب تک لوگوں کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل نہیں ہو جاتے ، معاشی بد حالی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ علاج، معالجے کی سہولیات ناپید، پینے کا پانی ناقص، اشیاء خوردونوش کی مناسب داموں عدم دستیابی اورامن وامان کی غیر یقینی صورتحال نے عوامی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔