پاکستان سے سبزیوں اور پھلوں کی برآمدات میں 11 فیصد سے زائد کا اضافہ

753
پاکستان سے سبزیوں اور پھلوں کی برآمدات میں 11 فیصد سے زائد کا اضافہ

کراچی:رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران پاکستان سے سبزیوں اور پھلوں کی برآمد میں 11 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ(جولائی تا جنوری)کے دوران پاکستان نے دنیا کے مختلف ملکوں کو 3 لاکھ 77 ہزار 677 میٹرک ٹن پھل اور 4 لاکھ 43 ہزار 512 میٹرک ٹن سبزیاں برآمد کیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران پھلوں کی برآمد سے 32 کروڑ ڈالرز جب کہ سبزیوں سے 16 کروڑ 81 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کمایا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے رواں برس گزشتہ سال کے مقابلے میں کم مقدار میں پھل برآمد کئے لیکن 11 فیصد زیادہ زرمبادلہ کمایا۔ گزشتہ مالی ساک جولائی سے جنوری کے دوران پاکستان نے 5 لاکھ 99 ہزار میٹرک ٹن سے زائد پھل برآمد کئے تھے جب کہ 28 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کمایا تھا۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال اسی دورانیے میں پاکستان نے 3 لاکھ 73 ہزار 502 میٹرک ٹن سبزیاں برآمد کرکے 15 کروڑ 9 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں برس جنوری میں کھانے پینے کی اشیا کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 14.36 فیصد زائد رہا ہے۔ رواں مالی سال  کے 7 ماہ میں 43 ہزار 764 میٹرک ٹن مختلف اقسام کے گوشت اور اس کی بنی اشیا برآمد کیں جس کی کل مالیت 19 کروڑ 15 لاکھ ڈالرز سے زائد رہی ہے۔ گزشتہ برس پاکستان نے اسی مدت کے دوران  55 ہزار 207 میٹرک ٹن گوشت برآمد کیا تھا جس سے 18 کروڑ 87 لاکھ ڈالرز سے زائد رمبادلہ کمایا تھا۔