ٹنڈومحمدخان :کراچی میں صحافی کے قتل کیخلاف مظاہرہ

106

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ ٹنڈومحمدخان کی جانب سے کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے سینئر پروڈیوسر صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، نجی ٹی وی چینل کی بندش اور سجاول کے صحافی سعد اللہ میمن پر ٹنڈوآدم میں جھوٹا مقدمہ درج کیے جانے کے خلاف ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کے صدر مظفر رند کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیااور سخت نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر صحافی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، کراچی میں دن دیہاڑے نجی ٹی وی چینل کے پروڈیوسر اطہر متین کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا ، جس کے قاتل تاحال گرفتار نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ، وفاقی حکومت کی جانب سے حق و سچ کی بات کرنے پر نجی ٹی و ی چینل کی بندش آزادیٔ صحافت پر سوالیہ نشان ہے جبکہ سجاول کے سینئر صحافی حافظ سعد اللہ میمن پر بااثر سیاسی افراد کے اشاروں پر ٹنڈوآدم میں جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جو قابل مذمت ہے ، صحافی برادری جس کی پرزور مذمت کرتی ہے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، بصور ت دیگر پورے ملک کے صحافی سراپا احتجاج ہوں گے۔