پیٹرول مزید 12 روپے مہنگا 160 روپے لیٹر ہوگیا

244

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 12 روپے 3 پیسے فی لیٹر کے بعد نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اب نئی قیمت 126 روپے 56 پیسے فی لیٹر ہوگی۔لائٹ ڈیزل کی قیمت 9 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 123 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ 15 روز کیلئے رات 12 بجے سے ہوگا۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پرپی ڈی ایل اور دوسرے ٹیکس کم کرنے سے حکومت کو ماہانہ 70 ارب روپے نقصان ہورہا ہے۔واضح رہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے سے چند گھنٹے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر ضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے اسے نظرثانی کے لیے واپس بھجوادیا ہے۔