شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر حملے کی کوشش ،دہشت گرد ہلاک

212

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر ایک دہشت گرد کی خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ایک دہشت گرد نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں فوجی چیک پوسٹ میں داخل ہو کر خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی۔بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ایک گرنیڈ بھی فائر کرنے کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے الرٹ اور صورت حال کے لیے تیار ہوتے ہوئے مؤثر جواب دینا شروع کیا اور دہشت گرد کا بھرپور جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا اور مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے ہتھیار اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گرد کی شناخت شریف کے نام سے ہوئی جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کے حملوں میں بھرپور انداز میں متحرک تھا۔بیان میں کہا گیا کہ مقامی افراد نے سیکورٹی فورسز کے مؤثر جواب پر خراج تحسین پیش کیا اور علاقے سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیںبلوچستان کے علاقے پسنی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں خضدار میں دو دہشت گردوں کو بھی پکڑ لیا گیا اور ان کے قبضے سے بڑے پیمانے پر اسلحہ و ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پسنی میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے بیرون ملک سے اسپانسرڈ بلوچستان کے امن دشمنوں کے خلاف آپریشن کیا۔انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لینا شروع کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف بلاچ مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف فائرنگ اور دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کے حملوں میں ملوث تھا۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع خضدار میں ایک اور آپریشن میں 2 دہشت گرد نیاز اور محمد جان کو پکڑلیا، دونوں دہشت گردوں کے قبضے سے دو ایس ایم جی گنیں اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث افراد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے، ان دہشت گردوں کو امن، استحکام اور بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔