خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات: پہلے مرحلے کیلیے ری پولنگ آج ہوگی

268

پشاور/ ڈی آئی خان (مانیٹرنگ ڈیسک/ صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے 13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، میئرسٹی، تحصیل چیئرمین، نیبر ہڈ اور ویلیج کونسل کی نشستوں پر ری پولنگ آج ہوگی، انتخابات کے پہلے مرحلے میں ڈی آئی خان میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کی نشست پر اے این پی کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قتل، پولنگ اسٹیشنز پرتوڑ پھوڑ اورہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔ پشاور سمیت چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بونیر اور باجوڑ میں ری پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، بنوں تحصیل بکاخیل میں پولنگ کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے پولنگ صبح 30۔9 بجے سے شام 30۔5 بجے تک ہوگی۔مجموعی طور پر 500 سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی خان میں سٹی میئر کیلیے بلدیاتی انتخاب کا ٹاکرا کل ہوگا، مجموعی طورپر 302 پولنگ اسٹیشنز اور 1039 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، انتخابی معرکے میں پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پورکے بھائی عمر امین گنڈا پور، جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار و معروف کاروباری شخصیت کفیل احمد نظامی اور پیپلز پارٹی کے امیدوارفیصل کریم کنڈی کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ سٹی میئر کی نشست کیلیے مجموعی طورپر 3لاکھ 44ہزارووٹر اپناحق رائے دہی کااستعمال کرینگے۔