دہشت گردوں کے رابطے توڑنا ناگزیر ہے، آرمی چیف

136

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے پنجگور کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ سارا دن گزارا۔پنجگور پہنچنے پر آرمی چیف کو مقامی کمانڈر نے علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر سپہ سالار نے دہشت گردی کے خلاف فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور مؤثر ردعمل کو سراہا۔آرمی چیف نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی یاد دہانی کرائی اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی میں عظیم قربانیاں دینے پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں آرمی چیف کی پنجگور کے معززین اور قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں مقامی رہنماؤں نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی۔عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے۔آرمی چیف نے عمائدین کو علاقے کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ماحول پیدا کرنے کے لیے فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور علاقے میں جاری سماجی اقتصادی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔