غلط بیانی پر فیصل واوڈا تاحیات نااہل،الیکشن کمیشن کا تنخواہیں اور مراعات واپس کرنے کا حکم

239
فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے خلاف تاحیات نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر دیا

کراچی/ اسلام آباد/ پشاور (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) کپتان کی ایک اور وکٹ گر گئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے2018ء میں کاغذات نامزدگی میں امریکی شہریت چھپانے پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واوڈا کو بطور سینیٹر نااہل قرار دے دیا ان کے بطور سینیٹر منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ فیصل واوڈا بطور رکن قومی اسمبلی وصول کی گئی تمام تنخواہیں اور مراعات 2 ماہ میں واپس کریں جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل واوڈا کو بطور ایم این اے ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں شاہ محمد جتوئی اور نثاراحمد درانی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور متفقہ طور پر فیصل واوڈا کو نااہل قراردیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں قراردیا ہے کہ فیصل واوڈا نے2018ء میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت الیکشن کمیشن میں غلط بیان حلفی جمع کرایا‘ اس وقت وہ امریکی شہری تھے‘ اس لیے الیکشن کمیشن انہیں آئین کے آرٹیکل62 ون ایف کے تحت نااہل قراردیتا ہے‘ فیصل واوڈا نے2018ء کے عام انتخابات میں کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست 249 پر الیکشن لڑتے ہوئے اپنی دہری شہریت کو مبینہ طور پر چھپایا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندرسلطان راجا نے کہا کہ سینیٹر فیصل واوڈا نے 3 مارچ2021ء کو جب سینیٹ کے الیکشن ہوئے اسی روز انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفا دیا جس کی وجہ سے ان کا کردار اور بھی مشکوک ہوجاتا ہے اور انہوں نے اپنے جرم کو چھپانے کے لیے قومی اسمبلی کی سیٹ سے استعفا دیا۔ الیکشن کمیشن میں بیرسٹر جہانگیر خان جدون اور قادرخان مندوخیل سمیت 4 درخواست گزاروں نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے وزیر اعظم عمران خان سے رابطہ کر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے انہیں آگاہ کیا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے حوالے سے فیصل واوڈا نے وزیر اعظم سے مشاورت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا جلد وکلا سے مشاورت کے بعد فیصلے کو چیلنج کریںگے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نااہلی کا فیصلہ کوئی بڑی بات نہیں ہے‘ الیکشن کمیشن کے فیصلوںکا پہلے ہی سے پتا ہوتا ہے‘ فیصل واوڈا کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے۔ توہین عدالت کیس میں فواد چودھری پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے موٹے چوہے دوڑیں گے تو شور تو مچے گا، طوفان کہیں نہیں آیا۔ پیپلزپارٹی سندھ کے ترجمان عاجزدھامرا نے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا کی نا اہلی پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب فیصل واوڈا کے سہولت کار عمران نیازی کو مستعفی ہوجانا چاہیے‘ عمران نیازی نے واوڈا کے جھوٹ کو چھپا کر خود کو جھوٹا ثابت کیا ہے‘ جھوٹوں کے سردار عمران نیازی کی باری بھی جلد آنے والی ہے‘وہ اب اپنا بوریا بستر گول کرنے کی تیاری کریں۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قادر خان مندوخیل نے 2018 ء سے فیصل واوڈا کی جعلسازی اور دھوکا دہی کے خلاف قانونی جدوجہد کی‘ فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی نے ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی جعلسازوں کا ٹولہ ہے۔