پاک افغان سرحد پر برفانی تودے کی زد میں آکر 20 افراد جاں بحق

180

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک افغان سرحد پر برفانی تودے کی زد میں آنے سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔طالبان عہدیدار نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ افغانستان سے پاکستان میں داخلے کیلیے پہاڑی درہ عبور کرتے ہوئے یہ افراد حادثے کا شکار ہوئے۔افغان عہدیدار نجیب اللہ حسن ابدال کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن برفانی تودے کی جگہ پر تلاش کا کام کررہے ہیں، اب تک برفانی تودے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 19 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ میں پاکستان میں داخل ہونے کے لیے دشوار گزار پہاڑی راستے سے گزرنے والے شہریوں پر برفانی تودہ گر گیا جس میں درجن سے زائد افراد ب گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا جس کے دوران برف تلے دبے 19 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے تاحال کسی بھی شخص کو زندہ نہیں نکالا جا سکا ہے۔برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے افراد شامل ہیں جو بھوک ، افلاس کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان آنا چاہ رہے تھے۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برفانی تودے میں وہ مقامی افراد بھی دب گئے ہیں جو حادثے کا شکار ہونے والوں کی مدد کو آئے تھے اور خود دوسرے برفانی تودے کا شکار ہوگئے۔