عمران خان کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہو گا، کاشف اشفاق

237

لاہور : چیئرمین یوکے پاکستان بزنس کونسل میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو مزید تقویت ملے گی اور قومی اہمیت کے مختلف منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

اتوار کو وزیر اعظم کے دورہ چین پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ ایک نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس تحت 60 بلین ڈالر کے فلیگ شپ سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جو گیم چینجر اور دونوں ممالک کے لیے تزویراتی اہمیت کا حامل ہے اور عوام اس کے ٹھوس فوائد سے مستفید ہو رہے ہیں۔

صنعتی تعاون پر ایک اور فریم ورک معاہدے کا مقصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، صنعت کاری کو فروغ دینا، اقتصادی زونز کی ترقی، نجی اور سرکاری شعبوں میں منصوبوں پر عمل درآمد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ سمیت پاکستانی انفراسٹرکچر کی توسیع میں چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے ساتھ چین کا تعاون اقتصادی بلندیوں پر پہنچ گیا اور دونوں ممالک آزادانہ تجارت کے معاہدے سے بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پی ٹی آئی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔

میاں کاشف اشفاق، جو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے سابق چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ چین، جو امریکہ کے بعد دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے، پہلے ہی مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ فیڈمک میں دس سال کی ٹیکس چھوٹ کی وجہ سے چین کے سرمایہ کار پہلے ہی فیڈمک میں اپنی فیکٹریاں اور پلانٹس، صنعتوں کے متبادل کی پالیسی کے تحت، قائم کر چکے ہیں جس سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین علاقائی مسائل میں بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتا آرہا ہے اور دونوں ممالک اپنے انتہائی قریبی اور خصوصی تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی دوروں کے نتیجے میں متعدد معاہدے طے پا چکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تزویراتی تعاون کی شراکت داری کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے مابین بھائی چارے پر مبنی قریبی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔