جنرل اسپتال میں ایدھی ایمبولنس بوتھ قائم، 24گھنٹے سہولت میسر ہوگی

870

لاہور: جنرل اسپتال میں ایدھی ایمبولنس سروس سینٹر قائم کر دیا گیا جہاں مریضوں کو گھر سے لانے، چھوڑنے اور میتیں پہنچانے کی سہولت 24گھنٹے میسر ہوگی۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ایدھی ایمبولنس خود چلا کر افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں اور انہوں نے اپنی محنت ، لگن اور دیانتداری کے بلبوتے پر ایدھی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سب سے بڑی ایمبولنس سروس قائم کر کے پاکستان کا نام روشن کیا جو آج بھی “گنیز” بک آف ورلڈ ریکارڈ میں موجود ہے اور جو دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر غفور مفتی ،ایدھی ایمبولنس لاہور زون کے انچارج فیصل جلال ، ڈاکٹر عبدالعزیز ،ڈاکٹر شیراز نیازی ،انور سلطانہ،رانا پرویز ،انتظامی ڈاکٹرز و دیگر افراد بھی موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی خدمات کو ہر شہری تسلیم کرتا ہے اور ان کی بے مثال ایمبولنس سروس بلا امتیاز رنگ و نسل اورمذہب کے ہر کسی کی خدمت کے لئے دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی عزم و محنت اور اپنے مشن سے وابستگی کا عملی نمونہ تھے جنہوں نے یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر لاوارث لاشوں کو دفنانے تک کی ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لے رکھی تھی اور ان کی دیانتداری کو دیکھتے ہوئے ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد آج بھی مخیر حضرات کے علاوہ عام شہری بھی ایدھی فاؤنڈیشن کی مالی معاونت کرتے ہیں ۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ امر قابل ستائش ہے کہ پاکستان میں خداترس اور مخیر حضرات کی بھی کوئی کمی نہیں ہے جو ہمیشہ سچے دل اور ایمانداری کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔

ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے کہا کہ ایل جی ایچ میں ایدھی ایمبولنس کے بوتھ کا قیام انتہائی خوش آئند امر ہے جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ بھی مریضوں کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ایک مشن ہے جسے جاری رکھا جائے گا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے آج سے کئی دہائیاں قبل ایمبولینس سروس کا آغاز کیا اور  ایک پرانی وین کے ساتھ 1954میں عام شہریوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا اور یہ سلسلہ آج  اندرون و بیرون ملک میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف کے طور پر مارچ 2017 میں پچاس روپے کا یادگاری سکہ بھی جاری کیا تھا۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت وقت سماجی بھلائی کے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور ایسے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا ۔ فیصل جلال نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پہلے مرحلے میں 5ایمبولنسز یہاں موجود ہوں گی جس کا دائرہ کار10تک بڑھایا جائے گا اور ایک لمحے کے لئے بھی اسٹیشن کو خالی نہیں چھوڑیں گے جبکہ ہر وقت ایمبولنس دستیاب ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرنسپل یا ایم ایس جن مستحق اور نادار افراد کی تصدیق کریں گے اسے گھرتک بلا معاوضہ سروس فراہم کریں گے اور اگر کسی کو کفن کی ضرورت بھی ہوئی تو اس کو بھی فراہم کیا جائے گا