شمالی وزیرستان میں مہنگائی و کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ 

230

 آل سیاسی پارٹی اتحاد شمالی وزیرستان نے شمالی وزیرستان میں مہنگائی و کرپشن کے خلاف میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے غیر معینہ مدت تک بند کردیا مظاہرین نے مہنگائی و کرپشن کے خلاف نعرے بازی کی احتجاجی مظاہرے سے آل سیاسی پارٹی اتحاد شمالی وزیرستان کے چیئرمین ملک اصغر،عوامی نیشنل پارٹی کے عبدالخلیل،جمعیت علماء اسلام کے مولانا راشید اللہ،جماعت اسلامی کے ملک نور پیائوخان،ملک نثار علی خان،مولانا نور اسلم،مولانا اختر محمد،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے آمین،تحریک اصلاحات پاکستان کے صدر منصور دائوڑ،سیف اللہ دائوڑ،حاجی ستارو دیگر نے خطاب کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پورے پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن شمالی وزیرستان میں ہورہی ہے یہاں بغیر کرپشن کسی کا کام نہیں ہورہا رشوت دیں گے تو آپ کا کام ہوگا ورنہ آپ کا کام نہیں ہوگا جس بھی ادارے میں جائیں گے سر عام رشوت کا مطالبہ کیا جاتا ہے تب تک ہمارے مظلوم عوام لوٹے جائیں گے ہم نے بار بار مختلف طریقوں سے اعلیٰ حکام تک فریاد پہنچانے کی کوشش کی ہے لیکن کوئی بھی ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے اس سے یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ اوپر سے لے کر یہاں تک سارا نظام کرپٹ ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان کے لیے جتنے فنڈز آئے ہیں ان کا حساب ذمہ داروں سے لیا جائے کہ وزیرستانیوں کے فنڈز کہاں کہاں اور کتنے کتنے خرچ ہو؟۔اُنہوں نے دھمکی دی کہ اگر کرپشن کا تدارک نہ کیا گیا اور فنڈز کا حساب نہ لیا گیا تو مجبوراً چار فروری کو شمالی وزیرستان کی سطح پر سب سے بڑا مظاہرہ کریں گے وہ مظاہر ہ نہ بھولنے والا ہوگا۔