مہنگائی کی شرح میں کمی‘24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

100

اسلام آباد(صباح نیوز)ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06فیصد کی کمی ہوگئی جبکہ 24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 19.36فیصد رہی ، کم آمدنی والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 20.85فیصد رہی ۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت 15روپے 69پیسے اضافے کے ساتھ فی کلو قیمت 60روپے 18پیسے ہوگئی ہے ، لہسن 10 روپے 95 پیسے فی کلو، دال چنا 2 روپے 44 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی جبکہ بیف 9 روپے 26 پیسے فی کلو اور مٹن 17 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 3 روپے 12پیسے فی کلو مہنگا ہوا ، ڈیزل 2 روپے 98 پیسے ، پیٹر ول 3روپے ایک پیسے فی لٹر مہنگاہوا، حالیہ ہفتے چاول، کوکنگ آئل، تازہ دودھ اور ایل پی جی کا گھریلوسلنڈر مہنگا ہوا جبکہ ایک ہفتے میں 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے برائلر مرغی 15 روپے 71 پیسے فی کلو سستی ہوئی ، پیاز 1 روپے 88 پیسے، آلو 81 پیسے فی کلو سستے ہوئے ، ایک ہفتے میں انڈے 2 روپے 98 پیسے فی کلو سستے ہوئے ، حالیہ ہفتے چینی کی 36 پیسے فی کلو سستی ہوئی ، چینی کی فی کلو قیمت 92 روپے 22 پیسے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ حالیہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں می استحکام رہاہے۔