واٹس ایپ نے وائس میسج سے متعلق صارفین کا بڑا مسئلہ حل کردیا

775

اکثر واٹس ایپ صارفین طویل دورانیے کے وائس میسجز سے پریشان رہتے ہیں لیکن اب واٹس ایپ نے ان کی پریشانی کو حل کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کروادیا ہے۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے ‘گلوبل وائس میسج پلیئر’ کا فیچر متعارف کروادیا ہے جسے ابتدائی طور پر آئی فون کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین استعمال کرسکیں گے۔ اور جلد ہی یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کروادیا جائے گا۔

اکثر صارفین لمبے وائس میسج سے اکتا جاتے ہیں اور چیٹ بھی نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ چیٹ چھوڑنے کی صورت میں وائس میسج کی آواز بند ہوجاتی ہے۔

نئے فیچر کے تحت اب صارفین کو واٹس ایپ پر طویل پیغامات سننے کے لیے ایپ کھلی رکھنے یا اس کا انٹرفیس سامنے رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ صارفین اب مذکورہ چیٹ چھوڑ کر دوسری چیٹ پر جاسکیں گے اور اس صارف کو باآسانی جواب دے سکیں گے، ساتھ ہی آڈیو نوٹ بھی پس منظر میں چلتا رہے گا۔

اسے گلوبل نام بھی اسی لیے دیا گیا ہے کیونکہ یہ آپ کی اسکرین کے بالکل اوپر دکھائی دے گا، آپ جب چاہیں اسے سنتے ہوئے روک سکتے ہیں یا اسکرین سے ہٹا بھی سکتے ہیں۔