ہم نے بابائے قوم کی تعلیمات بھلا دیں‘ قومی حالات کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے ‘چیئرمین سینٹ

277

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح  کے یوم ولادت کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت موجود ہ دور کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مزید اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کر دیے تھے تاکہ تمام مسائل کا مقابلہ مل کر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی حالات کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے مسائل کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے وہ تعلیمات بھلا دی ہیں جو بابائے قوم نے دیں۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے، ان پر قانون اور آئین پر عمل درآمد کے ذریعے قابو پا کر ہی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظم ? کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔