کراچی: جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن ڈیموکریٹک گروپ کااحتجاج جاری

486

کراچی: جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈیموکریٹک گروپ کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

جناح اسپتال میں ڈیموکریٹک گروپ کے صدر ڈاکٹر کلیم نے الزام عائد کیا ہے کہ جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ہیلتھ سیکریٹری سندھ نے من پسند ڈاکٹروں کے ٹرانسفراور پوسٹنگ کی ہیں جن کا ینگ ڈاکٹرز کے دوسرے دھڑے سے تعلق ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے دوسرے دھڑے شاہ لطیف کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ 11 سال بعد اسپتال میں تعیناتیاں ہوئی ہیں اورمیرٹ پر لسٹ بنی ہے، من پسند افراد کی تعیناتی کے الزامات بے بنیاد ہیں، جو لوگ میرٹ پر تعینات ہوئے ہیں انہیں کام کرنے دیا جائے۔

اس سے قبل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن شاہ لطیف گروپ کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر کے اسپتالوں میں ایک ہفتے تک او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا گیا تھا جو مطالبات کی مظوری کے بعد ختم کیا گیا اور منگل کے روز تمام او پی ڈیز میں بائیکاٹ ختم کردیا تھا۔ تاہم منگل کے روز ڈائریکٹر آفس کے باہر ینگ ڈاکٹرز کے شاہ لطیف اور ڈیموکریٹک گروپوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا جس کو پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ قابو کیا۔ جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق جناح اسپتال میں طبی عملے کی قلت ہے جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے میرٹ پر ڈاکٹروں کی تعیناتیاں کی گئی ہیں، ایسے میں من پسند تعیناتیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ او پی ڈی معمول کے مطابق جاری ہیں اور پریس کلب کے باہر نرسوں کے احتجاج کے سبب وارڈز میں نرسوں کا کام بھی ڈاکٹرز سے لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ بھر کی نرسوں کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج جاری ہے۔