ایپکا کا تنخواہوں میں اضافے کیلیے احتجاجی دھرنا

178

لاہور (نمائندہ جسارت) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کے لیے ایپکالاہور ڈویژن نے بھرپور احتجاج کیااور لاہور سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا۔ زراعت ہائوس لاہور سے احتجاج کی قیادت چودھری فرمائش علی سندھو ،صدر ایپکا زراعت ہائوس نے کی ۔احتجاج میں زراعت ہائوس لاہور کے جنرل سیکرٹری چودھری محمد عباس، سینئر نائب صدر چودھری محمد اعظم گجر ، ملک نثار اعوان ، چودھری عبدالجبار اور دیگر عہدیداران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی ۔ اس موقع پر فرمائش علی سندھو نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سرکاری ملازمین کا جینا مشکل ہو چکاہے ۔موجودہ تنخواہوں میں گزارہ کرنا ناممکن ہو گیاہے اور ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر ے تاکہ ملازمین سکھ کا سانس لے سکیں ۔ دھرنے سے چودھری محمد عباس اور چودھری محمد اعظم گجر نے بھی خطاب کیا اور حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ ملازمین کے جائز مطالبات پر فوری عمل کیا جائے۔