نیوزی لینڈ نے گلیڈی ایٹرزورچوئل ورلڈاسکریبل چمپئن شپ جیت لی

197

کراچی (اسثاف رپورٹر) پہلی گلیڈی ایٹرز ورچوئل ورلڈ اسکریبل چمپیئن شپ کی میزبانی پاکستان نے کی۔ نیوزی لینڈ کے ایلسٹر رچرڈز پہلے ورچوئل ورلڈ چمپیئن بن گئے۔ بیسٹ آف سیون گیمز پر مشتمل فائنل میں رچرڈز نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ ایلڈار کو 3کے مقابلے میں 4 گیمز سے مات دی۔ ایلسٹر رچرڈز نے ایلڈار کیخلاف فائنل کا آغاز 66 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ کیا لیکن ایلڈار نے اگلے دو گیمز جیت کر 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ چھ گیمز کے اختتام پر مقابلہ 3-3 سے برابر تھا۔ آخری گیم میں ایلسٹر رچرڈز نے شاندار کھیل پیش کیا اور صرف 13پوائنٹس کی برتری کے ساتھ نیوزی لینڈ کیلئے ٹائٹل جیت لیا۔ امریکا کے ول اینڈرسن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایلسٹر رچرڈز آسٹریلیا کے ڈیوڈ کوگی اور ڈیوڈ ایلڈار امریکا کے ول اینڈرسن کو شکست دے کر فائنل تک پہنچے۔ ایلسٹر رچرڈز اور ڈیوڈ ایلڈار 2006 میں پہلی ورلڈ یوتھ چمپیئن شپ کے فائنل میں بھی مدمقابل آئے تھے جس میں ڈیوڈ ایلڈر نے کامیابی حاصل کی تھی۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ فاتح ایلسٹر رچرڈز کو ٹرافی کے ساتھ 3500 یورو کی انعامی رقم ملی۔ رنر اپ ڈیوڈ ایلڈار 1500 یورو کے حقدارٹھہرے۔اختتامی تقریب میں اسپانسرز کے نمائندے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خصوصی نمائندے بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر اور ویسپا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن طارق پرویز نے کہا کہ ٹورنامنٹ بہت کامیاب رہا، پوری دنیا نے اس کی بہت تعریف کی۔ ایسا ورچوئل ٹورنامنٹ اسکریبل کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا جس نے اس کھیل کیلئے نیا معیار مقررکردیا۔