افغانستان کو اکیلا چھوڑنا تاریخی غلطی ہوگی، گورنر پنجاب

525

لاہور: گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں افغانستان کو اکیلا چھوڑنا ایک تاریخی غلطی ہوگی جس کے خوفناک نتائج نکلیں گے،اگر افغانستان کے اہم معاملے پر توجہ نہ دی گئی تو وہاں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے جسے قابو کر نا پھر کسی کے کنٹرول میں نہیں رہے گا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بر طانیہ سمیت پوری دنیا کو افغان عوام کی غیر مشروط امداد کر نا ہوگی،مضبوط اور مستحکم افغانستان صرف پاکستان اور خطے ہی نہیں پوری دنیا کے مفاد میں ہے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ افغانستان کےا یک نکاتی ایجنڈے پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے کیونکہ اس وقت امت مسلمہ سمیت پوری دنیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ افغانستان کے معاملے کو نظر انداز کر نے کی پالیسی اختیار کر نے کی بجائے وہاں عوام کو کھانے پینے سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر ے، دنیا کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اگر افغانستان کے اس اہم معاملے پر توجہ نہ دی گئی تو وہاں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔