لاہور حلقہ این اے 133 پر ضمنی انتخاب آج ہوگا

180

لاہور (آن لائن) لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب آج ہوگا، تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ سیکورٹی کے فرائض لاہور پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان بھی ادا کریں گے۔ ن لیگ کے پرویز ملک کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا کیوں کہ حکمران جماعت تحریک انصاف اپنے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر پہلے ہی مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ مرحوم رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک ن لیگ جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے اسلم گل امیدوارہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ میں مجموعی طور پر 13 امیدواروں کے درمیان
مقابلہ ہو گا جس میں آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 85 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 558 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 927 ہے۔