ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم گرائونڈ پر کھیلنے کیلیے پرجوش ہیں، شاداب خان

196

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ کافی عرصے کے بعد ہوم گرائونڈ پر کھیل رہے ہیں اس لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گرائونڈ پر کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا کہ ہم نے گزشتہ چند ماہ میں بیرون ملک ہی سیریز کھیلی ہیں اب اپنے ملک میں کھیل رہے ہیں، کرائوڈ بھی ہو گا اس لئے ہم ہوم سیریز میں لطف اندوز ہوں گے۔شاداب خان نے کہا کہ سننے میں آرہا ہے کہ کراوڈ کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہو گی، اپنے کرائوڈ کے سامنے کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، کوشش کریں گے کہ سیریز جیتیں اورشائقین کو مزید خوش کریں۔انہوں نے کہا کہ 9دن میں 6میچز ہیں بیک ٹو بیک کھیلنے کی عادت ہے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا اور نہ اس چیز کا پریشر ہے امید ہے اچھی سیریز ہو گی۔نائب کپتان نے ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے کہا کہ اوپر نیچے کافی سیریز ہو رہی تھیں اس لئے اب کچھ کھلاڑیوں نے آرام کیا ہے ویسٹ انڈیز کے خلاف نیا کمبی نیشن آزمانے جا رہے ہیں۔