دفتر خارجہ کی سربیا میں سفارتخانے کے اکائونٹس ہیک ہونے کی تصدیق

216

اسلام آباد (صباح نیوز) دفتر خارجہ نے سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ سے مہنگائی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف وزیر اعظم پر
تنقیدی ٹویٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکائونٹس ہیک کر لیے گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹویٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکائونٹس ہیک کر لیے گئے ہیں اور ان اکائونٹس سے پوسٹ کیے گئے پیغامات سفارتخانے کے نہیں ہیں۔یورپی ملک سربیا میں پاکستان کے سفارتخانے نے 3ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پراحتجاج کیا ہے۔سربیا میںپاکستانی سفارتخانے کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکائونٹ سے کیے گئے ٹو یٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی سارے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان آپ کیا توقع رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے۔ فیسوں کی عدم ادائیگی پرہمارے بچے اسکولوں سے نکالے جارہے ہیں۔ کیا یہ ہے نیا پاکستان؟۔سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے گلوکار سعد علوی کا طنزیہ گانا آپ نے گھبرانا نہیں ہے بھی ٹوئٹ کیا گیا۔وزیراعظم کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹرارسلان خالد نے ٹویٹ میں کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا ٹوئٹراکائونٹ ہیک کرلیا گیا ۔ وزرات خارجہ اس بارے میں انکوائری کررہی ہے۔